اسلام آباد (عترت جعفری) قومی معاشی پروگرام اور اس کے مستقبل پر تمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے کے لئے عجلت میں بلائی جانے والی کانفرنس ملتوی کرنی پڑ گئی ہے اور اب یہ 26اکتوبر کے بجائے بدھ 13نومبر کو ہو گی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں، ارکان پارلیمنٹ و سینٹ، تدریسی اداروں کے معاشی پلاننگ سے منسلک ماہرین، رائے عامہ کے نمائندوں، منصوبہ سازوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی اور پاکستان کے طویل عرصہ کے مستقبل کے لئے پروگرام اور منصوبہ بندی پر اتفاق رائے پیدا کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے اس کانفرنس جسے ”1000پلس سٹیک ہولڈرز“ کا نام دیا گیا ہے کے انعقاد کیلئے 26اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا تھا تاہم وزیراعظم کی امریکہ سے واپسی اور مدعوئین سے رابطوں میں دشواری کی وجہ سے 26اکتوبر کو اس کا انعقاد ناممکن ہونے کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا ہے اور نئی تاریخ 13نومبر مقرر کی گئی ہے جس میں آئندہ 10سے 15سال کے عرصہ میں ملک کی تیزی سے معاشی ترقی کیلئے حکمت عملی کی تیاری اور اس پر اتفاق رائے کی کوشش کی جائیگی۔