ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز میں سرمایہ کاری کیلئے پیکج تیار کیا جائیگا: خرم دستگیر

Oct 23, 2014

لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز میں سرمایہ کاری کیلئے دس سالہ مراعاتی پیکج تیار کیا جائے گا،اس پیکج کو قانونی تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ ملکی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جاسکے اور ملکی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز سے متعلق ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ میٹنگ میں سیکریٹری کامرس شہزاد ارباب،سیکریٹری صنعت وپیداوار راجہ حسن عباس اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اتھارٹی اور وزارت تجارت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز میں مینوفیکچرنگ کو فروغ نہ ملنے کی سب سے بڑی وجہ بجلی اور گیس کی بلاتسلسل سپلائی کا نہ ہونا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ملکی برآمدات کو دوگنا کرنے کی حکمت عملی میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کلیدی حیثیت رکھتے ہیںجہا ں مزید سرمایہ کاری کے حصول کیلئے کام کر رہے ہیں۔انھوں نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور پر کشش مراعاتی پیکج تیار کیا جائے جس میں ٹیکس چھوٹ، ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کی پیداوار کے ایک حصے کی ملک میں فروخت کی اجازت ،توانائی کی مسلسل فراہمی کی گارنٹی شامل ہیں،کو زیر غور لایا جائے۔

مزیدخبریں