سرینگر (اے این این) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی متاثرین سیلاب کے ساتھ دیوالی منانے (آج) مقبوضہ کشمیر پہنچیں گے،ریاستی حکومت کا خیر مقدم،سید علی گیلانی نے وادی بھر میں ہڑتال کی اپیل کر دی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے ہندوؤں کا مذہبی تہوار دیوالی مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب کے ساتھ منانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے وہ(آج) جمعرات کو مقبوضہ کشمیر کے صدر مقام سرینگر پہنچیں گے۔دیوالی سیلاب زدگان کے ساتھ منانے کا اعلان نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا ہے۔ پروگرام کے مطابق نریندر مودی سیلاب سے متاثرہ کئی علاقوں کا دورہ کرکے کچھ وقت سیلاب متاثرین کے ساتھ گذاریں گے ۔اس کے علاوہ وہ وزیر اعلی عمر عبداللہ اور ریاست کے گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران سیلاب کے بعد امداداور بازآبادکاری کی صورتحال کا بھی جائزہ لیں۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مودی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ سماجی نیٹ ورک ٹویٹر پر انہوںنے کہا ہے مجھے یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ وزیراعظم سرینگر میں دیوالی سیلاب متاثرین کے ساتھ منارہے ہیں۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے سربراہ سید علی گیلانی نے نریندر مودی کے دورے کے موقع پر کشمیری عوام سے وادی بھر میں ہڑتال کی اپیل کی ہے۔حریت ترجمان ایاز اکبر نے اپنے جاری بیان میں سید علی گیلانی کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر ہڑتال کی جائے گی اور مودی کو یہ باور کرایا جائے گا کہ بھارت کی فوج نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے جسے کشمیریوں نے کبھی تسلیم نہیں کیا اور نہ آئندہ تسلیم کیا جائے گا۔ایاز اکبر نے کہاکہ جب حالیہ سیلاب سے یہاں لوگ مررہے تھے ،تو اس وقت نریندر مودی کو کشمیری یاد کیوں نہیں آئے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہند کا عید کے بجائے دیوالی کے موقع پر یہاں آنا ان کی فرقہ وارانہ سوچ کا عکاس ہے۔
بھارتی وزیراعظم سیلاب زدگان کیساتھ دیوالی منانے آج سرینگر پہنچیں گے، علی گیلانی کا ہڑتال کا اعلان
Oct 23, 2014