شام کے علاقے حماہ میں (آئی ایس آئی ایس) داعش کے جنگجوئوں نے ناجائز تعلقات کے الزام میں لڑکی سنگسار کر دی۔ واقعہ کی ویڈیو یو ٹیوب پر جاری کی گئی ہے جنگجوئوں کا دعویٰ ہے شام کے صوبے حماہ میں یہ پہلی خاتون ہے جسے بے راہ روی کے الزام میں سزا دی گئی۔
مذہب اسلام میں بے راہروی کی سخت وعید ہے تاہم اس کیلئے انتہائی سزا پر عمل سے قبل جو ضوابط اور شرائط ہیں وہ بھی بہت کڑی ہیں۔ داعش نے ادھر الزام سنا ادھر لڑکی کو سنگسار کرنے کا حکم دیا اور اس پر عمل بھی ہو گیا۔ عالمی برادری کا ایک حصہ پہلے ہی دین اسلام کو دہشتگرد مذہب کے طور پر پیش کرتا ہے۔ اس تاثر کے ذمہ دار وہ جہلا ہیں جو جنگی قیدیوں کو بیدردی سے ذبح کر دیتے اور خواتین کو بغیر ثبوتوں اور بغیر اطمینان بخش سماعت کے سنگسار کر دیتے ہیں پاکستان میں بھی داعش کی شاخیں قائم ہو رہی ہیں۔ ان کے حامی غور کریں کہ وہ پاکستان میں اسلام کا کونسا چہرہ سامنے لانا چاہتے ہیں۔ عالمی سطح پر بھی داعش احساس کریں کہ ان کے ظالمانہ اقدامات اور غیر منصفانہ فیصلوں سے اسلام کو کتنا نقصان پہنچ رہا ہے۔