مستحکم جمہوری نظام اور ترقی لازم و ملزوم ہیں‘ عوامی مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے : شہباز شریف

Oct 23, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گذشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ یہ مینڈیٹ عوام کی بے لوث خدمت کرنے اور ملک کو مسائل سے نکالنے کا ہے، لہذا عوامی نمائندے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مینڈیٹ کی لاج رکھے گی اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ مستحکم جمہوری نظام اور ترقی و خوشحالی آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔ مسلم لیگ(ن)، اس کی قیادت اور کارکنوں نے ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور آئین کی بالادستی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ہمیشہ ملک اور قوم کے مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ ذاتی مفادات کے حصول کے لئے قومی مفادات کو پس پشت ڈالنا دانش مندی نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کے لئے پرعزم ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ڈنمارک کے مابین اچھے معاشی تعلقات قائم ہیں تاہم دونوں ممالک کے مابین تجارتی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ پنجاب میں توانائی، قابل تجدید توانائی، لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ، مائننگ، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ ڈینشن کمپنیاں ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ صوبے میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔  وہ گذشتہ روز ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر آئے سرکاری سطح کے پہلے تجارتی وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ ڈنمارک کے تجارتی وفد اور مختلف کمپنیوں کے سربراہان نے پاکستان بالخصوص پنجاب میں تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دو طرفہ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے ڈنمارک کے تجارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب زرعی صوبہ ہے اور زراعت پر مبنی صنعتوں کے فروغ کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ زراعت کے شعبے خصوصاً جدید کاشتکاری میں ڈنمارک کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ ڈنمارک کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ ڈنمارک کے سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈنمارک کے سرمایہ کاروں کو بھی ہرممکن ضروری سہولتیں فراہم کریں گے۔ صوبے میں تمام ترقیاتی منصوبے تیزرفتاری اور شفاف طریقے سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ تعلیم، صحت، لائیوسٹاک، زراعت، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کئے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ حکومت شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے ایک بڑے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور پینے کے صاف پانی کے حوالے سے ڈینش سرمایہ کار تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ پاکستان کو توانائی بحران کا سامنا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ ڈنمارک کے سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ تجارتی اورمعاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ڈنمارک کاسرکاری سطح کا پہلا تجارتی وفد پاکستان آیا ہے اور پاکستانی حکام کے ساتھ ہماری بڑی مفیدبات چیت ہوئی ہے، ڈنمارک مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے ہرممکن تعاون کرے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ٹریفک حادثے میں مسلم لیگ (ن) قصور کے رہنما عابد فضل اور ان کی والدہ کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کے نواح میں 13 سالہ حافظ قرآن کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع حامد پور کلاں میں بھری پنچایت میں لڑکی سے شرمناک سلوک کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں