لاہور/ خانیوال (نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں 30 سالہ خاتون کو اغوا کے بعد زیادتی کر کے قتل کردیا گیا جبکہ خانیوال میں سکول میں کنڈکٹر نے گونگی بہری لڑکی سے زیادتی کر ڈالی۔ ہربنس پورہ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے30سالہ خاتون کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر کند آلے سے وار کر کے قتل کر دیا اور نعش تھانے کے قریب نہر کنارے پھینک دی۔ راہگیروں نے تھانے کے قریب نہر کنارے پڑی ایک خاتون کی تشدد زدہ نعش دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ نامعلوم خاتون کو سر پر تیز دھار آلہ سے وارکر کے قتل کیا گیا ہے۔ نامعلوم افراد نے خاتون کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد تشددکر کے قتل کیا۔ دریں اثناء خانیوال کے گونگے بہروں کے سکول میں سکول کی بس کے کنڈکٹر خالد امین نے دسویں جماعت کی طالبہ (م) جو کہ گونگی اور بہری ہے کو پانی پلانے کے بہانے سکول میں واقع اپنے کوارٹر میں سکول بریک کے دوران لے گیا اور اس سے زیادتی کی جس پر سٹاف اور طالبات نے مظاہرہ کر دیا۔ پرنسپل گلفام نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے ای ڈی او کمیونٹی عبدالغفور سے کہہ کر کنڈکٹر خالد کا تبادلہ کبیروالہ کر دیا اور طالبہ کو دھمکی دی کہ اگر کسی کو اطلاع دی تو اس کو سکول سے نکال دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شاہ کوٹ کے نواحی گائوں ڈلہ جرمیاں میں اوباش نوجوان کامران نے گائوں کے ایک 7 سالہ بچے عبدالرحمان کو بہانے سے قریبی کھیتوں میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے محلہ عثمان غنی کی اکبری بی بی نے مقدمہ درج کرواتے بتایا فیصل نامی نوجوان نے میری بیٹی کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور شادی بھی نہیں کی۔ صدر گوگیرہ میں چار اوباش نوجوانوں نے 13سالہ لڑکے کو ورغلا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
ہربنس پورہ میں خاتون اغوا‘ زیادتی کے بعد قتل‘ خانیوال: سکول میں گونگی بہری لڑکی کی آبروریزی
Oct 23, 2014