لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور اس کی تکمیل اس دن ہوگی جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد ہو گا، بھارت سرحدوں پر گولہ باری کرکے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر اگر سمجھتا ہے کہ اس کے خوف سے پاکستان اپنے قومی موقف سے پیچھے ہٹ جائے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے، عالمی برادری اور اقوام متحدہ خطے کو جنگ کے شعلوں سے بچانے کیلئے کشمیر کے متعلق قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے۔ عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیاں اس بات کی نشاندہی کر رہی ہیں کہ فلسطینی اورکشمیری مسلمان بہت جلد آزاد ہونے والے ہیں۔ آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرپٹ اشرفیہ سے آزاد نہ کرایا گیا تویہ کینسر اور ڈینگی وائرس کی طرح پھیلتا اور قومی زندگی میں زہر گھولتارہے گا، انہوں نے کہا کہ ان کی بدکرداریوں کی وجہ سے بنگلہ دیش بنا، ان حکمرانوں کا قبلہ مکہ مکرمہ نہیں امریکہ ہے، یہ امریکہ سے ڈرتے ہیں اوراسی کے وفادار ہیں ہم قوم کو سیاسی مداریوں سے نجات دلائیںگے۔ یہ مداری جھنڈے بدلتے ہیں چہرے بدلتے ہیں لیکن ان کا ایجنڈا ہمیشہ ایک رہتا ہے کہ کس طرح قومی دولت کو لوٹنا اور غریب عوام سے ان کی خون پیسنے کی کمائی چھیننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو بیدار کریں گے اور عوام کے تعاون سے آئندہ الیکشن کو یوم حساب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے بس میں نہیں کہ وہ بجلی کا بل ادا کر سکے اور بچوں کی فیس دے سکے، انہوں نے کہا کہ عوام کو مقروض بنانے کے وہ لوگ ہیں جنہوں نے 200بلین ڈالر باہر کے بینکوں میں رکھاہوا ہے، یہ ایسے لوگ ہیں جن کے معدے میں کریشن مشین لگی ہیں یہ ہر چیز ہضم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران نے ڈاکٹر عافیہ کو پکڑ کر امریکہ کے حوالے کر دیا اور ریمنڈ ڈیوس کو چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نیا نہیں ایسا پاکستان چاہئے جہاں چیف ج سٹس کے ہاتھ میں کتاب نہیں قرآن مجید ہو وزیراعظم اذان دیتا ہو اور صدر امامت کرا سکے۔
قوم کو سیاسی مداریوں سے نجات دلائینگے، الیکشن یوم حساب ہو گا: سراج الحق
Oct 23, 2014