پاکستان سے 35 ارب کے زیورات سمگل ہونے کا انکشاف، ایف آئی اے حکام کی نثار کو بریفنگ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) پاکستان میں کراچی سے 35 ارب روپے کے زیورات سمگل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے کراچی کے سونا سمگلنگ گروہ کے 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گذشتہ ر وز وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران بریفنگ میں ایف آئی اے کے ڈی جی غالب بندیشہ اور ڈائریکٹر عثمان انور نے بتایا کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے سونے کے بعض تاجر سونا سمگلنگ میں ملوث ہیں 35 ارب روپے کے سونے کی سمگلنگ ایک سال کے دوران جعلی کسٹمز دستاویزات کے ذریعے کی گئی اور پاکستان کروڑوں کے زرمبادلہ سے محروم ہو گیا۔ حکام نے بتایا کہ ایف آئی اے نے جب ان سونا سمگلروں پر ہاتھ ڈالا تو کراچی کی گولڈ سمتھ ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دیدی جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کسی ہڑتال یا سفارش کرانیوالوں کے دباؤ میں نہ آئے اگر کوئی دباؤ ڈالے تو مجھے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا ایف آئی اے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونے دینگے۔ جدید چیلنجز اور جرائم سے نمٹنے کیلئے سائبر کرائمز ونگ کو متحرک کیا جائے۔ ڈی جی ایف آئی اے غالب بندیشہ نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ وہ جلد اس معاملے پر گورنر سٹیٹ بنک سے ملاقات کرینگے، لاہور میں بھی جیولری کے سمگلروں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے چند روز قبل ایک انٹرنیشنل گینگ کے سرغنہ جاوید یوسف ہمدانی کو گرفتار کیا ہے جو کینیڈا اور یورپی ممالک میں جان مائیکل ہمدانی کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ یہ گروہ انتہائی خطرناک وارداتوں میں ملوث پایا گیا ہے اور انسانی سمگلنگ اس گروپ کے ذریعے یورپ کی جانے کی بھی مصدقہ معلومات ملی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملزم سے برونائی دارالسلام‘ امریکہ‘ کینیڈا‘ برطانیہ اور یورپی ممالک کے پاسپورٹ برآمد کئے گئے ہیں اور یہ گروہ ان پاسپورٹس پر پاکستانیوں کو بھاری پیسے لے کر بیرون ملک بھجوایا جاتا تھا۔ اس گروہ کے پکڑے جانے سے پاکستان عالمی سطح پر ایک بڑی بدنامی سے بچ گیا ہے کیونکہ اس طرح کے پاسپورٹس دہشت گردی کی واردات کے لئے بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔ گروہ سے کئی ہزار جعلی پاسپورٹ اور ویزے برآمد کئے گئے۔ یہ گروہ بیلجیئم میں پاکستان کے جعلی پاسپورٹ بنا کر افغانستان بھجواتا تھا اور پھر افغان باشندے پاکستانی پاسپورٹس پر مختلف ممالک کے سفر کرتے رہے ہیں۔ بریفنگ میں وزیر داخلہ نے اس گروہ کو پکڑنے پر تمام افسران کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ایسے افسران کو انعامات دیئے جائیں گے۔ دریں اثناء بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی اور گیس چوری کے کئی ہزار کیس پکڑے گئے ہیں اور نادہندگان سے 6 ارب روپے کی وصولی کی گئی ہے اور ایک ہزار کیسز درج کئے جاچکے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گیس اور بجلی چوری کے جو کیسز پکڑے گئے ہیں یہ فیکٹریوں کے ہیں اس میں گھریلو کنکشن شامل نہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے کی گیارہ سپیشل عدالتیں ہیں اور ایک ہزار ایک سو مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ایف آئی اے کے افسران نے بتایا کہ ایف آئی اے کو عدالتوں میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور حج سکینڈل میں ملوث رائو شکیل کی ضمانت ہوچکی ہے اور متعلقہ جج نے اتنے بڑے سکینڈل میں ایک سال میں ایک بھی شہادت ریکارڈ نہیں کی اور کیس کی تاریخیں ڈالی جاتی ہیں جبکہ ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر گوندل کو ایک سال کی کوششوں کے بعد گرفتار کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...