چکوال + بھکر (نامہ نگاران) چکوال کے تھانہ ڈوہمن کی یونین کونسل جسوال کے موضع سوہاوہ میں شوہر کیساتھ جھگڑے کے بعد بیوی نے تین بچوں سمیت زہر کھا لیا، ماں بیٹی جاں بحق جبکہ بہن بھائی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نازیہ اعجاز کا اپنے خاوند اعجاز کے ساتھ جھگڑا ہواجس پر اس نے تین بچوں سویرہ ، عائشہ اور طلعت سمیت زہر کھا لیا تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا مگر نازیہ اپنی بیٹی سویرا سمیت دم توڑ گئی جبکہ بہن بھائی طلعت اعجاز اور عائشہ کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن سیل کی ٹیم ہسپتال پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نادیہ بیگم کا تین سالہ بیٹا چند روز قبل وفات پاگیا تھا جس کی وجہ سے والدہ کو بیٹے کا بڑا دکھ تھا ، غربت اور گھریلو کشیدگی کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر نادیہ بیگم نے اپنے بچوں اور خود بھی چوہے مار گولیاں کھا لیں۔ نادیہ کا خاوند محنت کش ہے اور روزانہ کا دیہاڑی دار ہے۔ اعجاز نے پولیس کو بتایا گھریلو ماحول ٹھیک تھا اور گزارہ بمشکل چل رہا تھا، ڈوہمن پولیس نے موقع پرپہنچ کر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں بھکر میں بوڑھی خاتون نے زہریلی دوائی پی کرخودکشی کر لی۔ تھانہ سٹی دریاخان نے مقدمہ درج کر لیا۔ جھوگی واس 62 سالہ پٹھانا بی بی نے اپنے کنبہ سے ناچاقی کی بنا پر زہریلی دوائی کھا لی جس سے اس کی طبعیت بگڑ گئی۔ طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال دریاخان لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔
-چکوال: شوہر سے جھگڑے پر خاتون نے 3 بچوں سمیت زہر کھالیا، ماں بیٹی دم توڑ گئیں
Oct 23, 2015