واشنگٹن (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) امریکی خاتون اول مشل اوباما نے پاکستان میں خواتین اور بچیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز دوگنا کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت 2لاکھ بچیاں مستفید ہونگی، امریکہ بچیوں کی تعلیم کیلئے گلوبل تعلیم فنڈز کے تحت پاکستان کو فنڈز فراہم کرے گا، پروگرام کے تحت بچیوں کی تعلیم اور صحت سے متعلق پروگرام شروع کئے جائیں گے جبکہ وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین ملک و قوم کا مستقبل ہیں، بچیوں کی تعلیم پر ہمیں خصوصی توجہ دینی ہے، امریکی حکومت کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر مشکور ہوں۔ وائٹ ہائوس میں امریکی خاتون اول مشل اوباما کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ’’لڑکیوں کو پڑھنے دو‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادی مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشل اوباما نے کہا پاکستانی وزیراعظم کی اہلیہ اور بیٹی کی یہاں موجودگی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ مشل نے مریم نواز کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ آپ بھی دو بچوں کی ماں ہیں اور میں بھی ہم بچیوں اور خواتین کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں۔ بعدازاں مشل اوباما اور مریم نواز نے چائے کی میز پر ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مریم نے مہمان نوازی پر مشل کا شکریہ ادا بھی کیا۔ مشل اوباما نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی ترقی کیلئے ملکر کام کریں گے۔ گلوبل گرلز ایجوکیشن کے تحت پاکستان کو ڈبل فنڈز دے رہے ہیں جس سے دو لاکھ بچیاں مستفید ہوں گی۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمیں خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، خواتین ملک و قوم کا مستقبل ہیں، دنیا میں خواتین مشل اوباما کو رول ماڈل سمجھتی ہیں۔ مشل اوباما نہ صرف خاتون اول بلکہ ایک اچھی ماں ہیں۔ پاکستان میں ہیلتھ انشورنس کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کا دائرہ کار 100 ملین لوگوں تک بڑھایا جائے گا۔ تقریب میں کلثوم نواز نے بھی شرکت کی۔
مریم نواز کی مشل اوباما سے ملاقات، امریکہ کا پاکستان میں خواتین کی تعلیم کیلئے فنڈز دوگنا کرنے کا اعلان
Oct 23, 2015