نئی دہلی (اے پی پی) جاپان نے بھارت کو ملک کی پہلی بلٹ ٹرین سروس شروع کرنے کےلئے 15 ارب ڈالرکے نرم شرائط پر مبنی قرضے کی پیش کش کر دی۔ بھارتی سرکاری ذرائع کے مطابق جاپان نے بھارت کو بلٹ ٹرین سروس شروع کرنے کےلئے 15بلین ڈالر قرضے کی پیشکش کی ہے۔جس پر شرح سود صرف ایک فیصد ہوگی۔ چین اور جاپان بھارت میں بلٹ ٹرین شروع کرنے کےلئے دوڑ لگی ہے جس کو پانے میں جاپان نے قرضے کی پیش کش دے کر تقریباً کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جاپان نے بھارتی حکومت کو کہا ہے کہ وہ بھارت کو 505 کلومیٹر طویل ریلوے راہداری کےلئے قرضہ دینے کا خواہشمند ہے۔ مذکورہ کوریڈور ممبئی کو احمد آباد سے براہ راست منسلک کردے گا۔اس کوریڈور کی تعمیر اور سپلائی کےلئے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔ اس سے قبل چین نے دہلی سے ممبئی کے درمیان تیز رفتار ٹرین سروس کے قیام کےلئے فزیبلٹی کنٹریکٹ حاصل کیا ہے۔ اس ریلوے لائن کی لمبائی 1200کلومیٹر ہے جس کےلئے ابھی کسی قرضے کی پیش کش نہیں ہوئی۔ بھارت ایک ہزار کلومیٹر طویل ایک دوسرا تیز رفتار ریلوے پراجیکٹ بھی شروع کرنا چاہتا ہے جو دہلی، ممبئی، چنائی اور کولکتہ کو آپس میں ملائے گا۔ ذرائع کے مطابق بلٹ ٹرین سروس منصوبے کی کل لاگت کا 80 فیصد جاپان قرضے کی صورت دے گا۔
جاپان/ قرضہ