کراچی / حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت)پاک چین دوستی کار ریلی ملک کے مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچ گئی۔ ٹول پلازہ پر شہریوں کی جانب سے ریلی کے شرکاکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک چین دوستی کے حوالے سے سی پیک روٹ پر نکلنے والی 54 رکنی ریلی مسٹر لی اور میڈم یانگ کی قیادت میںکراچی پہنچی تو شہریوں نے زبردست استقبال کیا۔اس موقع پرفضا پاک چین دوستی کے نعروں سے گونج اٹھی۔ مہمانوں نے سندھی لوک گیتوں پر دل کھول کر رقص بھی کیا۔ٹول پلازہ پر شاندار استقبال کے دوران پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔پاکستان اور چین کے پرچم تھامے مہمان خوشی سے جھوم اٹھے۔ کار ریلی کے استقبالیہ کیمپ میں سندھی پنجابی بلوچی اور پشتو زبان کے گانوں پر رقص کیا گیا جس میں چینی باشندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ کار ریلی کے شرکا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پہنچنے تک انہوں نے 9 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کیا اور اس دوران انہیں ہر جگہ سے بے انتہا محبت ملی ہے۔ ریلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے مجیب عالم طورو نے بتایا کہ ریلی میں چین سے تعلق رکھنے والے مختلف مکتبہ فکر جن میں سیاح، تاجر اور فیملیاں شامل ہیں جو امن اور پاک چین دوستی کے پیغام کو لے کر یہاں آئے ہیں جس سے دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ ریلی کے لوگ پاکستانی لوگوں سے ملنا چاہتے تھے اور انہیں یہاں کے لوگوں اور علاقے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ ریلی کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے متعلق مثبت پیغام کو عام کرنا ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور باہر کے لوگ چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں۔ ریلی میں شامل ایک خاتون مس چیانگ نے بتایا پاکستان آکر انہیں بہت اچھا لگا یہاں قدیمی آثار سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا جہاں پاکستان عوام نے دل کھول کر ہمارا استقبال کیا ہے، پاکستانی اور چینی صرف دوست نہیں بلکہ بھائی ہیں۔54چینی باشندوں پر مشتمل کار ریلی کا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے جبکہ ریلی کا انعقاد دونوں ممالک کی دوستی اور سفارتی تعلقات کے 65 سال مکمل ہونے پر کیا گیا ہے۔مہمانوں کی سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے۔ریلی کے شرکاء نے مزار قائد اعظم محمد علی جناح پر بھی حاضری دی اور بعد ازاں اپنی اگلی منزل گوادر کی جانب روانہ ہوگئے ۔ قبل ازیں کار ریلی کا حیدرآباد پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء 36 کاروں میں سوار تھے۔ جن پر پاکستان اور چینی پرچم لہرارہے تھے۔ وفد کے ٹیم لیڈر لی پھنگ رونگ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جس میں پاک چائنا اشتراک شامل ہیں پاکستان کی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا اور پاکستان کا رابطہ بین الاقوامی مارکیٹ کے ساتھ مزید مستحکم ہوگا ۔ دوستی بتدریج مستحکم ہوگی اور دنیا اس دوستی کی مثالیں دے گی۔ چین کے صوبے زنگ جیان سے شروع ہونے والی یہ ریلی گلگت بلتستان‘ پنجاب سے ہوتی ہوئی سندھ پہنچی ہے اور یہ سفر ان کے لئے نا صرف تاریخی بلکہ یادگاری ثابت ہوا ہے جس کی یادیں یہ وفد مدتوں فراموش نہیں کرپائے گا اور بالخصوص سندھ کی مہمان نوازی اور لوگوں کی محبت ان کے لئے ایک اثاثہ رہے گی وفد کے حیدرآباد بائے پاس پہنچنے پر پاکستان اور چین کے پرچم اور پاک چین‘ دوستی زندہ باد کے نعروں سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ وفد کا میئر حیدرآباد سید طیب حسین‘ کمشنر حیدرآباد‘ قاضی شاہد پرویز‘ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء کو سندھ کا روایتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرکیں پیش کی گئیں خواتین کو چوڑیاں اور اجرکیں پیش کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان اور چینی قومی ترانہ پیش کیا گیا۔