اسلام آباد (آن لائن) پانامہ لیکس میں نام آنے والے کرداروں کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی کے معاملہ پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ شہری شہناز بٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف محمود نے کی۔ دوران سماعت ایس ایچ او پولیس تھانہ آبپارہ نے اپنا جواب جمع کروایا اور عدالت کو بتایا کہ پولیس اس معاملہ میں کوئی بھی کارروائی کرنے سے قاصر ہے کیونکہ یہ ناقابل دست اندازی پولیس معاملہ ہے بلکہ پانامہ لیکس کے کرداروں کیخلاف اندراج مقدمہ اور کارروائی کیلئے درخواست گذار کو ایف آئی اے یا نیب سے رابطہ کرنا چاہئے۔ ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف محمود نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔