پشاور/ لاہور (بیورو رپورٹ+ سپیشل رپورٹر+ آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نیب چھوٹے کرپٹ شخص کو پکڑتا ہے اور ہاتھی کو ہاتھ نہیں لگاتا۔ پاکستان میں تبدیلی کیلئے فضا تیار ہے۔ نظام کی تبدیلی، کرپشن کے خاتمہ کیلئے بھرپور عوامی جدوجہد کرنی ہوگی۔ موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، کوئی باپ کسی بچی کو سکول نہیں بھیجتا یا جو لوگ خواتین کو وراثت میں حق نہیں دیتے انکو جیل جانا پڑیگا۔ ہم احتساب اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہماری حکومت آئی تو ہر ڈویژن کی سطح پر خواتین کیلئے یونیورسٹی بنائیں گے۔ ہر امیدوار کو الیکشن کمشن میں وراثت دینے کا تصدیق نامہ جمع کرنا ہوگا۔ بزرگ خواتین کو بڑھاپا الاو¿نس دیں گے۔ ہم خواتین کو آسان اقساط پر بلاسود قرضے دلوائیں گے۔ وہ جماعت اسلامی خیبر پی کے کے زیراہتمام اضاخیل میں دو روزہ اجتماع عام کے پہلے روز کے اختتامی سیشن اور خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اضاخیل میں جماعت اسلامی خیبر پی کے کے دوروزہ اجتماع عام کے پہلے روز کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا حکمرانوں نے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا ہے، ملک میں بیروزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے جب بھی پاکستان کی قوم تبدیلی اور جدوجہد کیلئے آمادہ ہوجاتی ہے تو عالمی اسٹیبلشمنٹ ہم پر اپنی من پسند قیادت کو مسلط کر دیتی ہے، ہماری جمہوریت پر بھی عالمی اسٹیبلشمینٹ کا قبضہ ہے۔ نوازشریف رحیم یار خان میں غریب کی غربت دیکھ کر نہیں بلکہ اپنے انجام کو دیکھ کر رونے لگے تھے، نوازشریف نے قوم کے تین سال ضائع کیے ہیں، ممتاز قادری کی پھانسی موجودہ حکمرانوں کا پیچھا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت بہت سے لوگ تبدیلی کی بات کرتے ہیں لیکن ہم وہ تبدیلی چاہتے ہیں جس سے اسلامی نظام قائم ہو امریکی غلامی کیلئے تبدیلی ہمیں قبول نہیں۔ پاکستان چار صوبوں، دریاﺅں اور چوراہوں کا نام نہیں یہ ایک نظریے کا نام ہے اسکی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون ہے ملک پر ایک ایسا طبقہ قابض ہے جو چور اور لٹیرا ہے ان حکمرانوں نے پاکستان کے نظریئے سے بغاوت کی ہے، کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کرپشن کیخلاف اسمبلی اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا نیب کا ادارہ کرپشن روکنے میں بُری طرح ناکام رہا ہے بعض چھوٹے چھوٹے مچھروں کو تو پکڑتا ہے لیکن ہاتھیوں کو جانے دیتا ہے، نیب نے آج تک جتنی ریکوری کی ہے اس سے زیادہ اس پر خرچ آچکا ہے۔ انہوں نے کہا یہاں صرف ایک پانامہ ہی نہیں بلکہ بلوچستان کے ایک سیکرٹری کے گھر سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے، اسکے گھر سے جہاں بھی تلاشی لی گئی ایک پانامہ ملا، ملک کے تمام اداروں کی یہی صورتحال ہے، ان حکمرانوں کی موجودگی میں ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا جو اس نظام کے خلاف بغاوت نہیں کرتا وہ بھی اس نظام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے وسائل ایک خاندان کی خوشنودی کیلئے خرچ کئے جا رہے ہیں، صدر پاکستان کی سکیورٹی پر سالانہ ایک ارب روپے خرچ ہوتے ہیں، ان سے کہتا ہوں کہ اگر وہ موٹروے پر بھی لیٹ جائیں تو انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا۔ اس سے قبل دوروزہ اجتماع عام کے پہلے دن خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس خاندان، معاشرے اور ملک میں عورت کا احترام نہیں ہوتا وہ برباد ہوجاتے ہیں۔ انسانیت کی کہانی خواتین کے بغیر نامکمل ہے۔ مغرب نے عورت سے سارے حقوق چھین کر اسے آزادی سے محروم کر دیا۔ اسے گھر سے نکال کر بازار میں لا بٹھایا۔ عورت کیلئے آزادی کا پیغام صرف اسلام کے پاس ہے۔ قیام پاکستان میں خواتین کا بہت کردار ہے۔ آج بھی کشمیر،افغانستان اور فلسطین کی جدوجہد آزادی میں خواتین آگے آگے ہیں۔ مغرب زدہ این جی اوز کا صرف ایک ایجنڈا ہے عورت کو بے پردہ اور بے حیا کر دے۔ جماعت اسلامی کو حکومت ملی تو ہر میدان میں خواتین کیلئے انقلابی پروگرام سامنے لائے گی۔ عورت کی عزت اور ناموس کی حفاظت کی جائیگی۔ ملک کے وزیراعظم اور صدر چوکیدار اور محافظ بنیں گے۔
سراج الحق
تبدیلی کیلئے فضا تیار‘ نیب مچھروں کو پکڑتا ہاتھی جانے دیتا ہے : سراج الحق
Oct 23, 2016