اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے دورہ پاکستان کا شیڈول طے ہو گیا۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن 24 اکتوبر کو ایک روزہ دروے پر پاکستان آئیں گے۔ ریکس ٹلرسن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان امریکہ تعلقات اور افغانستان میں امن و سلامتی کے معاملات پر بات ہو گی۔ امریکی وزیر دفاع جم میٹس دسمبر میں پاکستان آئیں گے۔ امریکی وزیر دفاع کی بھی پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کا شیڈول طے کر دیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دورہ امریکہ کے دوران امریکی وزرا کو دورے کی دعوت دی تھی۔دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن نے ریاض میں سعودی عراقی رابطہ کونسل افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ ٹلرسن نے کہا کہ رابطہ کونسل سے سعودی عرب اور عراق کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ شدت پسندی، دہشت گردی اور عدم استحکام کی کوشش خطے کے بڑے خطرات ہیں۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عراقی رابطہ اجلاس تعلقات وسیع کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔