مکہ مکرمہ (این این آئی)سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر نے حکم جاری کیا ہے کہ مکہ میں اب ٹیکسی صرف سعودی شہری ہی چلا سکیں گے۔سعودی میڈیا کے مطابق مکہ کے نائب گورنر نے جدہ کے گورنر ہاؤس میں نائب وزیر محنت کی موجودگی میں ملازمتوں کی سعودائزیشن پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شہزادہ عبداللہ بن بندر نے اس امر پر زور دیا کہ مکہ میں ٹیکسی چلانے کی اجازت صرف سعودی شہریوں کو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر حج وعمرہ سیزن کے دوران یہ استحقاق صرف سعودی شہریوں کو حاصل ہوگا، کوئی دوسری شہریت کا حامل فرد مکہ میں ٹیکسی چلانے کا مجاز نہیں ہوگا۔