سیہون (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سالانہ 4 ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے، نواز شریف کی وکٹ گر گئی اب زرداری کی باری ہے، اندرون سندھ میں جتنی غربت ہے اتنی پاکستان بھر میں نہیں‘ روٹی کپڑا مکان کے نام پر سندھ کی عوام کو دھوکا دیا گیا،عزیر بلوچ نے کہا کہ زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا‘ سندھ میں 2018ء کا الیکشن جیت کر دکھائیں گے،نوازشریف نے اپنے بچوں کو ایشیئن ٹائیگر بنادیا‘ ملک کو نہ بنا سکے‘ پیرس‘ لندن‘ دبئی میں جائیدادیں ہیں‘ شہباز شریف کیخلاف حدیبیہ پیپلر ملز کیس کھولا جائے‘ بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے،وہ اتوار کو سیہون شریف میں جلسہ عام سے خطاب کرر ہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ کے باشعور شہریوں کا جنون دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے‘ کرپشن پر قابو پانے تک ملک خوشحال نہیں ہو سکتا‘ سندھ میں کرپشن کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا‘ کرپشن اور زرداری ایک ہی نام ہیں۔ اندرون سندھ جتنی غربت ہے پاکستان کے کسی خطے میں نہیں۔ اقتدار میں آکر قوم کا پیسہ لوٹنے والا کرپٹ ہوتا ہے۔ اکیس سال سے سمجھا رہا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ پاکستان میں ایک دن کی کرپشن 12 ارب روپے ہے۔ پاکستان میں سالانہ 4 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے‘ کرپشن کی وجہ سے ہر چیز پر ٹیکس لگایا جاتا ہے۔ پانامہ کیس کے بعد لوگوں کو پتہ چلا کہ کرپشن سے ملک کو کتنا نقصان پہنچا‘ حکمران کرپشن روک لیتے تو قرضے نہ لینے پڑتے۔ پانامہ کیس کی وجہ سے اب لوگ کرپشن کو سمجھتے ہیں جہاں بچوں کو تعلیم نہیں ملتی وہ ملک آگے کیسے جا سکتا ہے؟ ہسپتالوں میں جگہ نہیں، مائیں سڑکوں پر بچے جنم دے رہی ہیں، ہمارا تعلیم کا بجٹ سنگاپور کی ایک یونیورسٹی کے برابر ہے، میرا کام قوم کو جگانا ہے، روٹی، کپڑا اور مکان پر قوم کو دھوکہ دیا گیا، نواز شریف اور زرداری نے ملک کو مقروض کیا۔ نواز شریف نے اپنے بچوں کو ایشین ٹائیگر بنا دیا، ملک کو نہ بنا سکے۔ ہر پاکستانی ایک لاکھ 25 ہزار مقروض ہے۔ منی لانڈرنگ سے پیسہ چوری کر کے بیرون ملک لے کر گئے، اس سے زیادہ ظلم اور کیا ہو سکتا ہے؟ ملک میں صاف پانی نہیں ہے، کرپٹ مافیا عوام کا پیسہ لوٹ رہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے جلسہ سے خطاب کرتے کہا کہ یہ سندھ کے بادشاہ لعل شہباز قلندر کی دھرتی ہے، بھٹو سیاسی مہم کا آغاز شہباز قلندر کے مزار پر حاضری کے بعد کرتے تھے، کچھ عرصہ پہلے درگاہ پر دلخراش واقعہ پیش آیا تھا، دھماکے کے ملزم ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کئے گئے، امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ دری ہے، وزیراعلیٰ سندھ کیلئے چار سوال لیکر آیا ہوں، متاثرین کا تعلق سندھ بلوچستان سے ہے، آج تک سوال لئے پھر رہے ہیں سیہون کے عوام کا پیغام ہے گو زرداری گو، گو زرداری گو، حکمران سندھ میں دس سال سے مسلط ہیں، 50 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، یہ 19 شوگر ملز کس کی ہیں۔ دعویٰ ہے کہ اس بار کاشت کاروں کو گزشتہ ریٹ نہیں ملیں گے۔ قانون کہتا ہے کہ 15 اکتوبر کو شوگر ملز چلیں لیکن اب تک نہیں چلیں، گنا کیوں فروخت نہیں ہوا، شوگر ملز کیوں نہیں چلیں؟ شوگر ملز وقت پر نہیں چلتیں، یہ بندر بانٹ کر لیتے ہیں، وعدہ کرو یہ تمہارا استحصال کریں گے تو تم دھرنا دوں گے، میں اور کپتان دھرنے میں شرکت کریں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ سندھ سے چوروں کا خاتمہ کریں گے۔ سندھ کے عوام کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے۔ سندھ کے حکمران نوکریاں بیچتے ہیں۔ آصف زرداری کا حال بھی نوازشریف جیسا ہو گا۔ سردار یار محمد رند نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کی ایک بیماری آصف زرداری ہیں۔ ظالموں کی حکومت کا خاتمہ کرنا ہے۔ جہانگیر ترین نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران عوام کے ووٹ سے آتے ہیں اور لوٹ مار کرتے ہیں۔ سندھ کے عوام نے تمام لیڈروں کو آزما لیا ہے۔ سندھ میں غریبوں کی کوئی عزت نہیں۔
روٹی، کپڑا، مکان کے نام پر سندھی عوام کو دھوکا دیا گیا: عمران خان
Oct 23, 2017