عمران خان سندھ کےعوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے‘ پی پی رہنما

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عمران نیازی سندھ کے عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے‘ عوام انہیں مسترد کرچکے ہیں۔ انہیں ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑیگی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی‘ عاجز دھامرہ‘ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا، شکیل چوہدری اور وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ سندھ حکومت کی گڈ گورننس کیخلاف باتیں کرنے والے آج اسی صوبہ میں دوبارہ بلا خوف و خطر ہ جلسہ کررہے ہیں اور ہمیشہ کی طرح انہیں ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑے گی سندھ کی عوام عمران نیازی کو مسترد کر چکی ہے اور آج کے جلسے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عمران نیازی سندھ کی عوام کو بے قوف نہیں بنا سکتے اور نہ ان کے دلوں میں گھر کر سکتے ہیں، پاکستان کی باشعور عوام جان چکی ہے کہ عمران نیازی سیاست اور کھیل میں پلے بوائے سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہاکہ عمران خان کو آصف علی زرداری فوبیا ہو گیا ہے،اچھے ہسپتال سے اپنا علاج کرائیں ،انہوں نے کہا اپنے ہی وزیر اور اراکین کے پی کے حکومت میں کرپشن کو بے نقاب کر رہے ہیںان کاکہناتھاکہ دو ہزار کرسیوں کی گنجائش والے گراؤنڈ میں چالیس ہزار کرسیاں پی ٹی آئی والے ہی لگا سکتے ہیں،انہوں نے کہا آج پشاور میں بلاول بھٹو کے تاریخی جلسہ کی وجہ سے عمران خان کی حلق میں الفاظ پھنس رہے تھے۔

ای پیپر دی نیشن