;ٹیپو سلطان وحشی قاتل، بھارتی وزیر کی ہرزہ سرائی، پروگرام میں شرکت سےانکار

Oct 23, 2017

نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں اٹھارھویں صدی میں ریاست میسور کے بادشاہ ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش کا جشن پہلے بھی متنازع رہا ہے لیکن اس سال یہ مزید گہرا ہوتا نظر آ رہا ہے۔ مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڑے نے ریاستی حکومت کی جانب سے ٹیپو سلطان کی سالگرہ منانے کے فیصلے کی مذمت کی ہے اور ٹیپو سلطان کو ’وحشی قاتل اور ریپ کرنے والا‘ قرار دیا ہے۔ ہیگڑے شمالی کرناٹک کے کنّڑ ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کرناٹک کی ریاستی حکومت کو ایک خط لکھا جسے ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدھارمیا نے کہا کہ کسی وزیر کو اس قسم کا خط نہیں لکھنا چاہیے۔ اننت کمار نے ٹویٹ کیا کہ ’میں نے کرناٹک کی حکومت سے کہا ہے کہ مجھے ایک وحشی قاتل، پاگل اور ریپ کرنے والے کی شان میں قصیدے پڑھنے والے کسی بھی شرمناک پروگرام میں نہ بلائیں۔ خیال رہے کہ ریاست کرناٹک میں کانگریس کی حکومت ہے اور وہ ٹیپو سلطان کو ’وطن پرست‘ اور برطانوی حکومت سے لڑنے والا ’مجاہد آزادی‘ قرار دیتی ہے جبکہ بی جے پی اور بعض دوسری سخت گیر ہندو تنظیمیں انہیں مذہبی آمر کہتی ہیں جنہوں نے لوگوں کو اسلام میں داخل ہونے پر مجبور کیا۔ گزشتہ دو سالوں میں ٹیپو سلطان کی سالگرہ کا جشن منانے کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود کانگریس حکومت مسلسل تیسرے سال بھی ٹیپو سلطان کی سالگرہ کا جشن منانے جا رہی ہے۔ بھارتی سرکاری نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سدھارمیا نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے وزیر کو ایسا خط نہیں لکھنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیپو کی سالگرہ کے متعلق پروگرام کا دعوت نامہ تمام مرکزی اور ریاستی وزیروں کو بھیجا جاتا ہے۔ اس میں شرکت کرنا یا نہ کرنا ان کی اپنی مرضی پر ہے۔ واضح رہے کہ ٹیپو سلطان انگریز کے مخالف تھے اور انہوں نے انگریزوں سے چار جنگیں لڑیں اور ایک جنگ میں شہید ہو گئے تھے۔ بعض کا خیال ہے کہ ہیگڑے کنڑ برادری کا درد سمجھتے ہیں اور انہوں نے درست فیصلہ کیا ہے جبکہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ وہ صرف ’ہندوتوا کی مارکیٹنگ‘ کر رہے ہیں۔ شری نارائن نام کے ٹوئٹر صارف نے لکھا: کرناٹک حکومت کی جانب سے ٹیپو (سلطان) کی سالگرہ کا جشن منایا جانا ہندوؤں کے جذبات کی بے عزتی ہے۔ ایک دوسرے صارف نے لکھا ’ٹیپو کے بغیر انڈیا کا کوئی ماضی نہیں ہے۔ کنور عتیق احمد نے ٹویٹ کیا ’ٹپیو سلطان ہندوستان کے عظیم ترین مجاہد آزادی میں سے ایک تھے۔ خیال رہے کہ ٹیپو سلطان کی سالگرہ کا جشن دس نومبر کو منایا جائے گا لیکن ابھی سے سوشل میڈیا میں گرما گرم بحث جاری ہے۔

مزیدخبریں