بیگم نصرت بھٹو کی آمریت کے خلاف جدوجہد کا تاریخ سنہرا باب ہے چنگیز جمالی

Oct 23, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب صدر سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی میر چنگیز جمالی نے کہا ہے کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے تمام عمر عوامی حقوق ، معاشی مساوات‘ ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے لیئے جدوجہد کی جو کہ بھٹو ازم کا حقیقی اور بینظیر فلسفہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کشمیر کوٹ ڈیرہ اللہ یارمیں بیگم نصرت بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج ہمارا دل خون کے آنسو رورہا ہے مادر جمہوریت جیسی عظیم ہستی ایک نظریاتی مخلص رہنما تھیں پیپلز پارٹی کے جیالے بیگم نصرت بھٹو کے کردار، جدوجہد اور عظیم تر بینظیر قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم شہید قائد ذوالفقارعلی بھٹو کے سچے حقیقی پیروکار ہیں جن کی بیگم نصرت بھٹو رفیق حیات تھیں اور شہید رانی بینظیر بھٹو جنہیں مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی گود میں پرورش پانے کا اعزاز حاصل ہوا قوم مادر جمہوریت کو سرخ سلام پیش کرتی ہے اور پارٹی کارکنان انہیں دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیگم نصرت بھٹو شہیدوں کی ماں ہیں ۔ مادر جمہوریت اورخاتون اول بیگم نصرت بھٹو کے جمہوری افکار ہمارے لیئے مشعل راہ ہیں۔ بیگم نصرت نے ایک ڈکٹیٹر کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جمہوری قوتوں کا سر فخر سے بلند کیا۔ انھوں نے کہا کہ ضیاء آمر نے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھا تھا مگر بیگم نصرت بھٹو نے اپنے عزم و حوصلے سے اس کا خواب خاک میں ملادیا ۔شہیدوں کی پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہو گئے۔شہیدذوالفقار بھٹو کے نظریات، بیگم نصرت بھٹو کے جمہوری افکار اور شہید بے نظیر بھٹو کے چاہنے والے تا قیامت قائم و دائم رہیں گے۔

مزیدخبریں