اسلام آباد، فیصل آباد بے گھر افراد کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کا افتتاح

Oct 23, 2018

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اعلان کردہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت ضلع فیصل آباد میں بے گھر افراد کوگھروں کی فراہمی کے سلسلے میں درخواست فارم کی رجسٹریشن کے کام کا آغاز ہوگیا۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید نے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں نادرا کے کائونٹرز پردرخواست فارم جمع کرکے رسید جاری کرنے کے عمل کا باقاعدہ افتتاح کیاصوبائی وزیر سوشل ویلفیئر وبیت المال محمد اجمل چیمہ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ویوتھ آفیسرزملک عمرفاروق،ارکان اسمبلی شیخ خرم،فیض کموکا،نواب شیر وسیر،شکیل شاہد،لطیف نذر،عادل پرویز،سعید احمد سعیدی، میاں خیال کاسترو،فردوس رائے،ڈائریکٹر جنرل نادرامیر عالم،ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری،ڈپٹی کمشنر سید احمدفواد،چیئرمین ایف ڈی اے ڈاکٹر اسد معظم،ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران اور درخواست گزار شہری بھی موجود تھے۔نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے سلسلے میں شہریوں سے درخواست فارمز کی وصولی کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں نادرا کے کائونٹرزقائم کئے گئے جہاں شہری 21دسمبر تک صبح 9سے شام 4بجے تک اپنی درخواستیں 250روپے رجسٹریشن فیس کے ہمراہ جمع کراسکتے ہیں۔درخواست فارم نادار کی ویب سائٹ یا ڈی سی آفس میں قائم کائونٹرز سے بلامعاوضہ حاصل کیا جاسکتا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے صوبائی وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت درخواست فارمز کی رجسٹریشن کے فیصل آباد سے آغاز پر شہریوں کو مبارکباد دی کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت بے گھر افراد کو مناسب قیمت اور آسان اقساط پر بہترین رہائش فراہم کی جائے گی۔پروگرام کے تحت 5سالوں میں 50لاکھ گھر بنائے جائیں گے اور رجسٹریشن سے لیکر گھروں کی تعمیر سمیت تمام عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔حکومت پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت زمین فراہم کرے گی۔ پرائیویٹ فرمز سے گھر تعمیر کرائے جائیں گے۔ 90روز بعد وزیراعظم عمران خاں فیصل آبادآکر پہلے گھر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔صوبائی وزیر نے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد میں گھروں کی تعمیر کے لئے مقامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اورہائوسنگ پروگرام میں معذور افراد کے لئے کوٹہ بھی مختص ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 3مرلہ،5مرلہ اور ملٹی سٹوری فلیٹس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی اور رجسٹریشن کے ڈیٹا کو مددنظر رکھتے ہوئے گھروں کی تعمیر کے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔علاوہ ازیں میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام ملکی تاریخ کا انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت پانچ سالوں میں 50 لاکھ گھر تعمیر کرکے بے گھر افراد کو چھت فراہم کی جائے گی جو سماجی زندگی میں گیم چینجر ثابت ہوگا لیکن یہ قومی مسئلہ حل کرنے کے لئے ماضی کی حکومتوں کو خیال نہ آیا۔انہوں نے یہ بات آرٹ کونسل کے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت درخواستوں کی رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے کہی۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال محمد اجمل چیمہ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپوٹس و یوتھ آفیئرز ملک عمرفاروق،ارکان قومی وصوبائی اسمبلی شیخ خرم شہزاد،فیض اللہ کموکا،نواب شیر وسیر،لطیف نذر،شکیل شاہد،میاں خیال کاسترو،عادل پرویز گجر،سعید احمد سعیدی،فردوس رائے ،چیئرمین ایف ڈی اے ڈاکٹر اسدمعظم،ڈائریکٹر جنرل نادرامیر عالم خاں،ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری،ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے واجد علی،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران، ڈائریکٹر پراجیکٹ کرنل ثاقب وڑائچ،ڈسٹرکٹ انچارج نادرا محمد سرفراز،رانا ابرار حنیف، درخواست گزار اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔صوبائی وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ضلع فیصل آباد کا بھی انتخاب کیا گیا جہاں ابتدائی طور پر 5ہزار گھر بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تاہم ڈیمانڈ کے مطابق گھروں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ماضی میں روٹی،کپڑا اور مکان،آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے نام پر سیاسی شعبدہ بازی کی گئی اور بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے کے دعویدار عملی طور پرکچھ نہ کرسکے تاہم وزیر اعظم عمران خاں نے عام آدمی کے مسائل حل کرنے، انہیں مناسب قیمت پر گھر دینے کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا اعلان کیا جس کو اللہ تعالیٰ کی مددونصرت سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ پروگرام کا دائرہ تحصیلوں،قصبوں اوردیہاتوں کی سطح تک وسیع کیا جائے گاجبکہ دیہاتوں کو اپنے گھروں کی مزید تعمیر ومرمت کے لئے 2لاکھ سے 5لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرنے کے لئے فلاحی تنظیم اخوت کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے وفاقی سطح پر ہائوسنگ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اپنا گھر ہائوسنگ اتھارٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے لینڈبینک قائم کرکے صوبہ بھر میں اضافی سرکاری زمین کی نشاندہی کرلی ہے اوریہ زمین نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے لئے استعمال کی جائے گی حکومت اراضی فراہم کرنے کے علاوہ اس پروگرام کو مانیٹر کرے گی جبکہ اندرون اور بیرون ممالک سے سرمایہ کاروں کو گھر بنانے کے کاروبار کی دعوت دیں گے۔ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے اس شعبے سے وابستہ صنعتیں ترقی کریں گی اور کاروبارکے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس پراجیکٹ کے تحت الاٹ کئے گئے گھروں کی رعایتی قیمت وصول کی جائے۔ اس سلسلے میں حکومت کو قائل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر ہائوسنگ نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ فارم جمع کرانے والے درخواست گزاروں کو انتظار وقطار کی زحمت سے بچانے کے لئے نادرا کے اضافی کائونڑز قائم کئے جائیں۔ شہریوں سے شائستہ رویہ اپنائیں اوران کی عزت نفس مجروح نہیں ہونی چاہیے کیونکہ وہ بھی پاکستان کے معززشہری ہیں۔ موجودہ حکومت خلوص نیت سے عوامی خدمت کے مشن کی جانب گامزن ہے۔
محمودالرشید

مزیدخبریں