اوکسفرڈ اردو ڈکشنری کا اسلام آباد کالج فار بوائز میں خصوصی سیمینار

Oct 23, 2018

اسلام آباد(نا مہ نگار)اوکسفرڈ اردو ڈکشنری نے اسلام آباد کے سب سے قدیم اور سب سے بڑے کالج اسلام آباد کالج فار بوائز میں ایک خصوصی سیمینار کا اہتمام کیا جس میں طلبہ کو اوکسفرڈ لِونگ ڈکشنری اور اوکسفرڈ گلوبل لینگویج انشی ایٹو کے بارے میں بتایا گیا۔اوکسفرڈ اردو ڈکشنری کے لینگویج مینیجر ظفر سید نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیتے ہوئے طلبہ کو دکھایا کہ اوکسفرڈ اردو ڈکشنری کس طرح سے عام ڈکشنریوں سے مختلف ہے۔ اس ڈکشنری کی خصوصیت یہ ہے کہ اگر آ پ کو لگے کہ اس لغت میں کوئی لفظ موجود نہیں ہے تو آپ خود بھی اس لفظ کا اضافہ کر سکتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زبان ایک ایسا بہتا دریا ہے جس میں ہر وقت نئے الفاظ شامل ہوتے رہتے ہیں، پرانے الفاظ عدم استعمال کے باعث متروک ہوتے چلے جاتے ہیں، جب کہ موجود الفاظ کے معنی بدلتے رہتے ہیں۔ اس لیے جوں ہی کوئی ڈکشنری کتابی شکل میں چھپ کر سامنے آتی ہے، وہ فورا ہی متروک ہو جاتی ہے، کیوں کہ اس دوران الفاظ اپنی شکلیں بدل چکے ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں