اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + این این آئی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے نجی شعبہ کے صنعت کاروں اور تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ آگے آئیں اور ملکی برآمدات میں اضافہ کریں تاکہ پاکستان زرمبادلہ کی کمی کے بحران سے نکل سکے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نے کہا برآمدات کو بڑھا کر ہی ہم تجارتی خسارے کو کم کر سکتے ہیں۔ نئے صنعتی زونوں کے قیام کی بڑی ضرورت ہے۔ یہ زون ایسی جگہ پر ہوں جہاں سے برآمدی صنعت کو فائدہ مل سکے۔ صدر نے کہا وہ ادارے جولوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے ذمہ دار تھے وہ کرپشن اور نااہلی کے باعث تباہ ہو گئے۔ پوری قوم کو محنت اور لگن سے کام کرنا ہو گا۔ صنعت کاروں اور تاجروں کو اپنے حصے کا ٹیکس بھی ادا کرنا چاہئے تاکہ ملک میں ٹیکسوں کی آمدنی بڑھ سکے۔ این این آئی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا نجی شعبہ برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، اس سے قومی معیشت مستحکم ہو گی،آٹوموبائل انڈسٹری سمیت مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافہ سے ملک کو فائدہ ہو گا،عام آدمی کے فائدہ کیلئے بنائے اداروں کو کرپشن، بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، ہم سب کو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایمانداری، اخلاص اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کاروباری طبقہ پر زور دیا وہ ملک میں ٹیکس کلچر کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور کاروباری طبقہ کو مزید ریونیو پیدا کرنے کیلئے ٹیکس ادا کرکے ملک کے صحت، تعلیم اور سماجی شعبوں کو مضبوط بنانے میں مدد کرنی چاہئے۔ مزید برآں آذربائیجان کی سٹیٹ بارڈر سروس کے سربراہ کرنل جنرل ایلچن گولیوف سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے،دونوں ممالک میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرکے اس تعاون کو مزید تقویت دینے کی ضرور ت ہے۔
کرلوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے ذمہ دار ادارے کرپشن‘ نااہلی سے تباہ ہو گئے: صدر
Oct 23, 2018