مسلم لیگ (ن) کے رہنما پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب اسمبلی میں احتجاج کیا تھا توڑ پھوڑ نہیں، پرویز الٰہی کا جھوٹ پوری قوم کے سامنے عیاں کریں گے، پیپلز پارٹی ایک مقبول جماعت ہے، ہم ان کے ساتھ مل کراپوزیشن کا بہترین رول ادا کریں گے، فیاض الحسن چوہان سے گزارش ہے کہ اخلاقیات کے ادارے سے اخلاق کا درس لے کر آئیں۔ منگل کو حمزہ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاﺅس اپوزیشن کا بھی ہے اور حکومت کا بھی ہے، میڈیا پر جعلی تصاویر چلوائی گئیں، آج میں اسپیکر کا اصل چہرہ قوم کو دکھاﺅں گا، پرویز الٰہی کا جھوٹ پوری قوم کے سامنے عیاں کریں گے، اپوزیشن پر بدنظمی کا الزام لگایا گیا، ہم نے پنجاب اسمبلی میں احتجاج کیا تھا توڑ پھوڑ نہیں، ہمارے جانے کے بعد توڑ پھوڑ کر کے ہم پر الزام لگایا گیا، حالات اتنے خراب تھے تو 55دن ڈرامہ کیوں کیاگیا، یہ 22کروڑ عوام کا ملک ہے، بھینسیں نیلام کرنے سے اور گاڑیاں بیچنے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، ایک غریب آدمی دل کا دورہ پڑنے سے مر گیا یہ کیسا نیا پاکستان ہے، پیپلز پارٹی ایک مقبول جماعت ہے، ہم ان کے ساتھ مل کر اپوزیشن کا بہترین رول ادا کریں گے، تمام جماعتیں کہتی ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی، ہم سب کو مل کر پاکستان کےلئے اکٹھا ہونا ہے، یہ کنٹینر کے لوگ ہیں، فیاض الحسن چوہان سے گزارش ہے کہ اخلاقیات کے ادارے سے اخلاق کا درس لے کر آئیں، مذاق ہمارے 6اراکین کا نہیں بلکہ پورے ایوان کا بنایا گیا ہے، پرویز الٰہی یہاں اسپیکر بننے نہیں آئے ہیں، پرویز الٰہی نے نواز شریف اور مشرف کے خلاف بھی سازش کی تھی، یہ پنجاب بینک کے ڈاکے کا ذمہ دارپرویز الٰہی ہے، انہوں نے مسلم لیگ (ن) پر گھناﺅنا الزام لگایا ہے۔