وفاقی کابینہ نے کرتارپورراہداری منصوبے پرعملدرآمدکے لئے پاکستان اوربھارت کے درمیان ایک معاہدے کی منظوری دی ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کرتارپورراہداری منصوبے کااگلے ماہ کی نوتاریخ کوافتتاح کریں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ کے افسروں اوردیگر عہدیداروں کو کرتارپورآنے والے سکھ یاتریوں کوہرممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ سہولیات کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ سکھ یاتریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کابینہ نے کم آمدنی والے افراد کے لئے پچاس لاکھ مکانات کی تعمیرکے لئے وزارت ہائوسنگ اوربلاسودچھوٹے قرضے فراہم کرنے والے ادارے اخوت کے درمیان معاہدہ کرنے کی منظوری دی ہے۔کابینہ نے نیاپاکستان ہائوسنگ پروگرام میں پانچ ارب روپے کے بلاسودقرضوں کی فراہمی کی بھی منظوری دیدی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے ملک بھرمیں پانچ سے دس لاکھ افرادمستفیدہوں گے۔معاو ن خصوصی نے کہاکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کی مناسب قیمتوں پردستیابی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ کابینہ نے قومی احتساب بیورو کی درخواست پر اپنے فیصلوں سے متعلق ساری معلومات کانیب سے تبادلہ کرنے کابھی فیصلہ کیاجس کامقصد نظم ونسق میں شفافیت لاناہے۔
وزیراعظم کرتارپورراہداری منصوبے کا9 نومبر کوافتتاح کریں گے
Oct 23, 2019 | 11:37