اسلام آباد، مدینہ منورہ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں عالمی وبا کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 756 ہے جس میں سے 3 لاکھ 9 ہزار 136 صحتیاب ہوئے ہیں جو 95 فیصد ہے جبکہ 6 ہزار 703 کا انتقال ہوا ہے۔22 اکتوبر تک مزید 719 مریضوں اور 8 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 462 افراد شفایاب ہوگئے۔ فعال کیسز 9917 ہو گئے ۔ مجموعی کیسز میں خیبرپختونخوا کے 31 کیسز اور ایک موت جبکہ بلوچستان کے 21 کیسز گزشتہ روز کے تھے ۔ خیبرپختونخوا میں کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 810 اور اموات 1266 ہوگئیں جبکہ بلوچستان میں کیسز 15ہزار 738 اور اموات 148 ہوگئیں۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 276 نئے کیسز کی تصدیق، مزید ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2591 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں مزید 171 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 افراد کا انتقال ہوا۔ اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 323 تک پہنچ گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 129 افراد متاثر جبکہ 2 افراد کا انتقال ہوا۔ گلگت بلتستان میں 16 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، وہاں اموات کی مجموعی تعداد 90 ہے۔ آزاد کشمیر میں75 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ وہاں مجموعی اموات کی تعداد 84 پر برقرار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 462 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 136 تک پہنچ گئی۔ وائرس سے متاثرہ جناح ہسپتال کے سابق پروفیسر ڈاکٹر سید وقار احمد دوران علاج انتقال کرگئے۔ جناح ہسپتال کراچی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر سید وقار احمد جناح ہسپتال کے سابق پروفیسر تھے۔ کرونا کی تصدیق کے بعد وہ گزشتہ کچھ دنوں سے ضیاء الدین ہسپتال میں زیرعلاج تھے‘ پروفیسر وقار حالیہ دنوں کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا پروفیسر ڈاکٹر وقار نے جناح ہسپتال میں 1987 میں جوائننگ دی تھی اور 2012ء میں ریٹائر ہوئے تھے۔ ڈاکٹر وقار کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ روس میں کرونا وائرس سے 290 نئی ہلاکتوں کے بعد ملک بھر میں کل ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 242 ہوگئی۔ 24 گھنٹوں کے دوران 15 ہزار 971 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز تعداد 14 لاکھ 63 ہزار 306 رہ گئے۔ بیلجیئم کی وزیر خارجہ سوفی ولیمز جو کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران نگران وزیر اعظم تھیں، کو انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے۔ 45 سالہ سوفی ولیمز گزشتہ ہفتے وائرس سے متاثر ہوئی تھیں اور وہ آئیسولیشن میں تھیں تاہم ان کی حالت خراب ہونے پر بدھ کی شب انہیں برسلز کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔