بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان یا آزاد جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے جمعرات کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی قیادت پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے اور ہماری بہادر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو معمولی نہ سمجھے۔ بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف قوم مکمل طور پر متحد ہے۔ ہمارا بھارت کو مشورہ ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے جموں و کشمیر کے مسئلے سمیت اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ہم نے بھارت کے بڑے میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا کو پاکستان کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت خبریں اور پراپیگنڈا کرتے دیکھا ہے۔ بھارت غیرقانونی طور پر اپنے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور اقلیتوں کے خلاف پالیسیوں کے تسلسل اور پراپیگنڈے کے ذریعے سچائی کو چھپا نہیں سکتا۔ دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے ’ایف۔اے۔ٹی۔ایف‘ ایکشن پلان جائزے میں سعودی عرب کے کردار کے بارے میں میڈیا کے بعض حصوں میں گردش کرنے والی خبر کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے اس اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے یا نکالنے کے بارے میں فیصلہ کیا جانا ہے۔ واضح رہے کہ سوشل  اور ریگولر میڈیا کے بعض حصوں میں یہ خبر پھیلی ہوئی ہے کہ سعودی عرب نے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ اس خبر کی تردید کرتے ہوئے  ترجمان دفتر خارجہ نے  اپنے  بیان میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مضبوط برادرانہ تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک نے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی اہمیت کے تمام امور پر ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ پاکستان برادر سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ قدرومنزلت دیتا ہے اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ ’ایف۔اے۔ٹی۔ایف‘ اپنے پلینری اجلاس کے اختتام پر ایکشن پلان پر پاکستان کی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں اعلان کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...