کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ حکومت نے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی کراچی میں گرفتاری اور پولیس کی سینئر قیادت کے ساتھ ناروا سلوک کے معاملے پر وزراء پر مشتمل انکوائری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں 5 وزراء شامل ہیں جب کہ اس کے کنوینئر وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ہیں۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں صوبائی وزراء ناصر شاہ، سردار شاہ، اویس قادر شاہ اور بیرسٹر مرتضیٰ وہاب شامل ہیں۔کمیٹی 18 اور 19 اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات کرے گی کہ کن حالات میں مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے کمرے پر چھاپہ مارا گیا۔ وزراء کی کمیٹی پولیس کی سینیئر قیادت کے ساتھ پیش آنے والے واقعے اور اس کے بعد سینئر پولیس افسران کے رخصت پر جانے کی وجوہات کا بھی تعین کرے گی۔ یہ کمیٹی 30 دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔