لاہور ( سپیشل رپورٹر) پنجاب میں انسداد پولیو مہم 26اکتوبرسے شروع ہوکر 31اکتوبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 94لاکھ بچوں کو پولیو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت چیف سیکرٹری آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری پرائمری صحت،کمشنر لاہور ڈویڑن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پولیوکے خاتمے کیلئے مشترکہ اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف مہم کیساتھ ساتھ ای پی آئی کوریج بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیروڈوز بچوں کی اصل تعداد معلوم کرنے کیلئے پیدائش کی رجسٹریشن کا ڈیٹا اکٹھا کرنا ہوگا۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں اور صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں،کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔