پاکستان کی غربت میں تخفیف کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان تحریک انصاف نے دنیا بھر خصوصاً جنوب و وسط ایشیائی ممالک سے غربت کے خاتمے جیسے اہم ہدف کی علمبرداری کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی حکمران سیاسی جماعتوں کے قائدین کے مابین اہم اجلاس میں خطے سے غربت کے خاتمے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا معاملہ اٹھایا ہے۔ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے سے غربت میں تخفیف کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کی سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور سنٹر فار ایکسیلینس قائم کرنے کی تجاویز دی ہیں جن سے خطے سے غربت کے خاتمے کیلئے قابل عمل حکمت عملی مرتب کرنے اور اسے عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سیاسی جماعتوں کے مابین رابطے کے اہتمام پر روس کی یونائیٹڈ رشیا پارٹی کے عمائدین کا شکرگزار ہوں. ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی مجموعی آبادی کا 44 فیصد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں بستا ہے جبکہ عالمی جی ڈی پی میں ان ممالک کا چوتھا حصہ ہے چنانچہ  شنگھائی تعاون تنظیم رکن ممالک میں شراکتی ترقی اور علاقائی تعاون کے فروغ کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیت کی حامل ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق روس کی یونائیٹیڈ رشیا پارٹی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی حکمران سیاسی جماعتوں کے مابین کروناء کے تدارک، علاقائی اشتراک اور اقتصادی ترقی کے موضوعات پر اہم مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف سمیت چین، بھارت، قازقستان، ویت نام، کمبوڈیا اور کرغستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی حکمران سیاسی جماعتوں کی قیادت شریک ہوئی۔ ماسکو میں منعقد ہونے والے اجلاس سے اپنے بصری خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ غربت میں تخفیف کے حوالے سے پاکستان بیش قیمت تجربات کا حامل ہے جس میں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اراکین کو حصہ دار بنانے کیلئے تیار ہے۔  

ای پیپر دی نیشن