شہرقائد میں ڈاکو راج ‘اسٹریٹ کرائم معمول بن گئے:عبدالحاکم قائد

کراچی(نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں چوروں اور ڈاکوں کا راج ہو گیا ہے۔  شہر بھر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ گھروں کی دہلیز اور سڑکوں پر نکلنے والے عوام کوئی بھی جرائم پیشہ عناصر سے محفوط نہیںہے۔  چوری، چھینا جھپٹی ، قتل و غارتگری اور کھلم کھلا ڈکیتی کی روزانہ سینکڑوں رپورٹس منظر عام پر آتی ہیں ۔  غربت کی کوکھ سے جرائم کی دنیا آباد ہوتی ہے۔ حکمران لیپا پوتی سے باز رہیں، حقائق کا سامنے آکر مردانہ وار مقابلہ کریں۔ کورونا وبا اور لاک ڈائون نے عوام کی زندگی پہلے ہی اجیرن کر رکھی ہے ، رہزنوں اور ڈکیتوں نے بچی کھچی کسر بھی پوری کر دی ہے۔  کتنے ہی لوگ ان وارداتوں میں اپنی جان سے چلے گئے جبکہ کئی لوگ زخمی ہوگئے۔  سی سی ٹی وی فوٹجز ہونے کے باوجود مجرم دندناتے پھر رہے ہیں ۔  عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ان کے لئے مناسب روزگار کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔  قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کریں۔  پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں کراچی میں روز بروز بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کے آنے کے بعد آدھی آبادی خط غربت سے نیچے چلی گئی ہے۔  ملک کے پینتیس فیصد نوجوان بیروزگار ہیں۔ زریعہ معاش نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان غلط سرگرمیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔  رہائشی علاقوں ، سڑکوں پر پیدل ، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار شہریوں کا لٹ جانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ مجرموں کو پکڑے جانے یا پہچان لئے جانے کا بھی خوف نہیں رہا ہے۔  روزانہ نجانے کتنے لوگ ان رہزنوں کے ہاتھوں لٹ جاتے ہیں اس کے باوجود اتنے بڑے اور اہم مسئلے کی روک تھام کے لئے خاطر خواہ اقدامات کیوں نہیں کئے جا رہے؟  

ای پیپر دی نیشن