اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے پہلے سے ٹیکس دینے والے شہریوں پرکوئی بوجھ ڈالے بغیر ایف بی آر کے پاس موجود ڈیٹا کی بنیاد پر ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی پالیسی بورڈ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی جس کے بعد وفاقی وزیر صنعت وپیداوار حماد اظہر اور سابق چئیرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف کی طرف سے تیار کردہ پالیسی بورڈ کے مجوزہ ٹرمز آف ریفرنسز پر گفتگو ہوئی۔ ذیلی کمیٹی نے مجوزہ ٹی او آرز پالیسی بورڈ کے سامنے مباحثہ کیلئے پیش کئے۔ بورڈ کے ممبران نے اس میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں۔ اجلاس میں حماد اظہر اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چئیرمین فیض اللہ کموکہ پر مشتمل ذیلی کمیٹی ، جنہیں ایف بی آر اور نادرا کے درمیان معلومات کے تبادلہ کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، سے متعلق جامع بحث ومباحثہ ہوا۔ اجلاس کے دوران صدر نشین نے طورخم بارڈر پر کنٹینروں کی کلئیرنس میں پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بتایا گیا کہ طورخم بارڈر پر صورتحال معمول کے مطابق آگئی ہے اور کوویڈ 19 کی وجہ سے تاجروںکو جن مشکلات کا سامنا تھا وہ ختم ہوگئی ہیں۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ٹی اوآرز کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود کی نگرانی میں مزید بہتربنانے کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔ بورڈ کا آئندہ اجلاس دوہفتے کے بعد ہوگا۔
پیئرز پر بوجھ ڈالے بغیر ٹیکس نیٹ میں توسیع کی ضرورت ہے: حفیظ شیخ
Oct 23, 2020