لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) سکردو نے دنیا کے بلند ترین بیس بال میدان کا اعزاز حاصل کر لیا۔بیس بال کی عالمی گورننگ باڈی ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سکردو اب دنیا کا بلند ترین مقام ہے جہاں بیس بال کا انعقاد ہو رہا ہے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال نے اس ماہ کے آخر میں سکردو اور گلگت میں بیس بال کی سرگرمیوں کا اعلان کیا ہوا ہے۔ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن نے اپنی حالیہ ریلیز میں سکردو کے بیس بال میدان کو دنیا کا بلند ترین مقام قرار دیا ہے اور لکھا ہے کہ سکردو بیس بال میچ کی میزبانی کے بعد امریکہ کے بلند ترین بیس بال میدان ڈینور کلراڈو کو پیچھے چھوڑ دے گا۔یاد رہے کہ سکردو کا بیس بال میدان 7 ہزار 310 فٹ کی بلندی پر واقع ہے جبکہ ڈینور کلراڈو کا بیس بال میدان 5 ہزار 130 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال نے سکردو میں بیس بال اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 29 اور 30 اکتوبر کو سکردو میں انٹر ڈسٹرکٹ بیس بال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو گا، اور 31 اکتوبر کو پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس کے درمیان نمائشی میچ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے انٹر نیشنل کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔تین نومبر کو گلگت میں بھی پاکستان وائٹس اور پاکستان گرینز کے درمیان نمائشی بیس بال میچ کھیلا جائے گا۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کا کہنا ہے کہ بیس بال کے بلند ترین مقام کا اعزاز پاکستان کو ملنا فخر کی بات ہے، اس سے بیس بال کو فروغ ملے گا اور سیاحت کے رحجان میں مزید اضافہ ہو گا جو کہ اس حکومت کا ویژن بھی ہے۔ امید ہے کہ حکومت بھی اس حوالے سے بیس بال کی سرپرستی کرے گی۔