اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہو گا۔ انہوں نے نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ منیر اکرم نے وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔د فتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی نمایاں کامیابی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی ۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پچھترویں اجلاس اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات کے دوران، بہترین کوآرڈینیشن پر، پاکستانی مشن کے کردار کی تعریف کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی واضح کامیابی، بین الاقوامی برادری کی جانب سے، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری کاوشوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ سمیت تمام موثر عالمی فورمز پر اٹھانا ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کمیلوف کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران گفتگو دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین گہرے برادرانہ مراسم ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔