لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام پانچ سال وقفہ کے بعد شروع ہونے والی قومی ٹرے ہاکی چیمپین شپ کے افتتاحی روز چار میچز کھیلے گئے۔ ایچ ای سی، پنجاب، پی اے ایف اور ایم پی سی ایل نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ 22 اکتوبرتا31 اکتوبرمنعقد ہونے والے اس ایونٹ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قوانین کی روشنی میں کھلانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ملک بھر سے بہترین ٹیکنیکل آفیشلز کی ٹیم کو ایونٹ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر لیفیٹینٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر کو متعین کیا گیا ہے۔ جمعرات کو پہلا میچ ایچ ای سی بمقابلہ گلگت بلتستان کھیلا گیا۔ جس میں ایچ ای سی نے صفر کے مقابلے گیارہ گول سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرا میچ پنجاب بمقابلہ آزاد جموں کشمیر کھیلا گیا جس میں بنجاب نے صفر کے مقابلے 12 گول سے کامیابی حاصل کی۔ تیسرا میچ پی اے ایف بمقابلہ سندھ کھیلا گیا جس میں پی اے ایف نے ایک کے مقابلے سات گول سے کامیابی حاصل کی جبکہ چوتھا اورآخری میچ ایم پی سی ایل بمقابلہ اسلام آباد کھیلا گیا جس میں ایم پی سی ایل نے صفر کے مقابلے10 گول سے کامیابی حاصل کی۔ چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اولمپین منظورحسین جونیئر تھے۔ اس موقع پر اولمپیئن ایاز محمود، اولمپین ناصر علی، اولمپین ملک شفقت، اولمپین خالد حمید، رائے عثمان اکبر کھرل ، تعظیم احمد کمبوہ گورنر روٹری کلب بھی وجود تھے۔
قومی ٹرے ہاکی چیمپین شپ، ایچ ای سی 11-0گولز سے سرخرو
Oct 23, 2020