ٹی 20ورلڈ کپ ‘سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والا بیٹسمین ؟

کراچی (اسپورٹس ڈیسک)   ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے پاس ہے۔ شاہد خان آفریدی 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے  32 مقابلوں میں 5 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں اور یوں انہوں نے ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کررکھا ہے۔ اسی فہرست میں سری لنکاکے تلکارتنے دلشان بھی آفریدی کے ساتھ ہی ہیں لیکن وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 34 اننگز میں 5 بار صفر  پر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہد آفریدی 32 اننگز میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی کی صفر پر آؤ ٹ ہونے والی 5ٹی ٹوئنٹی  اننگز  میں  2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل( پاکستان بمقابلہ بھارت)‘ 2009 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ سری لنکا)‘  2010 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ  کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ انگلینڈ)‘ 2012 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا)‘ 2012 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل( پاکستان بمقابلہ سری لنکا)  شامل ہیں۔  دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہد آفریدی ان  5اننگز میں ہر بار  پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے ہیں جبکہ  ان 5 میچز میں سے پاکستان صرف جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ہی کامیابی حاصل کرسکا۔ اس کے علاوہ شاہد آفریدی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمین ہیں۔ اس فہرست میں سری لنکن بیٹسمین جے سوریا پہلے نمبر پر ہیں۔ سابق کپتان 398 ون ڈے  میچز میں 30 بار صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن