اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس 25 اکتوبر کو ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کی زیر صدارت اجلاس یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے76 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے عہدیداران اور امریکہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن سے ملاقات اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں اجلاس کے شرکا کو بریفننگ دیں گے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس ان کیمرہ ہوگا جس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی تصدیق اور کمیٹی کی سابقہ سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ کی جانب سے27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے لیے بیرون ملک پاکستان مشنز کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اجلاس میں خصوصی دعوت پر شرکت کریں گے جبکہ کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوں گے۔