حکومت کو عام آدمی کے مسائل کا ادراک نہ اپوزیشن کو دلچسپی

تجزیہ: محمد اکرم چودھری
بے بس عوام بے رحم حکمران طبقے کے رحم و کرم پر ہیں۔ حکومت کو عام آدمی کے مسائل کا ادراک ہے نہ حزب اختلاف کو عام پاکستانی کے مسائل میں دلچسپی ہے۔ تحریک انصاف خوش قسمت ہے کہ اسے ایک بے جان اپوزیشن ملی ہے تو اپوزیشن کے سامنے کوئی حکومت نہیں ہے۔ لوگوں کے ساتھ سفاکی سے پیش آنا حکومت نہیں ہے۔ لوگوں کے مسائل حل کرنے کا نام حکومت ہے۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کا ماضی داغدار ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت پر عوام کو اعتماد نہیں ہے۔ عام آدمی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا شکار بنتا رہا لیکن اپوزیشن کوئی بہتر فیصلہ کرنے اور عام آدمی کے مسائل پر باہر نکلنے کی ہمت نہ کر سکی۔ حزب اختلاف کے قائدین کی ساری سیاست سوشل میڈیا پر زندہ رہی۔ اب پی ڈی ایم کو ہوش آیا ہے لیکن بہت وقت ضائع ہو چکا ہے۔ کمزور حکومت کے غلط فیصلوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ اس عرصے میں اپوزیشن سوئی رہی۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے کچھ جلسے کیے لیکن کہیں بھی عوامی مسائل کو بنیاد نہیں بنایا گیا۔ پی ڈی ایم کا ہر جلسہ ایک نئے تنازعہ کے ساتھ سامنے آتا۔ اپوزیشن قیادت عوامی مسائل کے بجائے اپنے مسائل میں الجھی رہی۔ کمزور اپوزیشن کی وجہ سے حکومت پر عوامی دباؤ نہ رہا اور پاکستان تحریک انصاف نے بھی عوامی مسائل کو بے رحمی سے نظر انداز کیا اس لیے یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ حکومت کے غلط فیصلوں میں اپوزیشن برابر کی شریک ہے۔ حکومت نے عوام پر ظلم کیا ہے تو اپوزیشن نے ناقص حکمت عملی اختیار کر کے اس ظلم میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ اب پانی سر سے گذر چکا دیگر مسائل کے ساتھ امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ شدید خطرات لاحق ہیں۔ برسوں کی محنت اور ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والا امن اپنوں کے ہاتھوں خطرے میں ہے۔ جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ حکومتی کی ناقص پالیسیوں کا عکاس ہے۔ وارداتوں میں اضافہ حکومت پر عدم اعتماد اور وسائل کی کمی کی بہت بڑی وجہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن