کرونا ، 16اموات، دنیا میں ایک لاکھ 80ہزار ہیلتھ کارکن ہلاک ہوئے

Oct 23, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار/ این این آئی/ اے پی پی) پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے۔ کرونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 567کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 16افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ ملک بھر میں کرونا کے مزید 864مریض شفایاب ہوگئے اور مثبت کیسز کی شرح 1اعشاریہ 44فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 28ہزار 344مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12لاکھ 67ہزار 393ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 39 ہزار 200 ٹیسٹ کئے گئے۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 4لاکھ 38ہزار 636مریض پورٹ ہوئے ہیں۔ مریضوں کی فہرست میں پاکستان33 ویں نمبر پر آ گیا۔ دوسری جانب حکومت نے کرونا وائرس کی ویکسین مہم گھر گھر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، مہم 25 اکتوبر سے 12 نومبر تک جاری رہے گی۔ مہم کا مقصد 100 فیصد افراد کی ویکسینیشن کا ٹارگٹ حاصل کرنا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مراکش کی ائرپورٹ اتھارٹی نے برطانیہ‘ جرمنی اور ہالینڈ میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے باعث تمام پروازوں کو آئندہ نوٹس تک معطل کر دیا۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بتایا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 80 ہزار ہیلتھ ورکرز ہلاک ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ کرونا ویکسین تک رسائی سمیت ہیلتھ ورکرز کے حقوق کو یقینی بنائیں گے۔چین کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کی نئی لہر کا سامنا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بیجنگ سمیت متاثرہ علاقوں میں سکولز، سیاحتی مقامات، پروازیں، ٹرینیں اور بس سروس بند کر دی گئی۔ بیجنگ میں چار کیسز سامنے آنے پر بڑے پیمانے پر کرونا ٹیسٹنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرونا کے ابتدائی کیسز کی نشاندہی ایک جوڑے میں ہوئی۔ 24 گھنٹوں میں کرونا کے مقامی منتقلی کے 28 کیس رپورٹس ہوئے۔ 

مزیدخبریں