اسلام آباد(خصوصی نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے 50 ملین روپے تک کی فیس کی چھوٹ کی منظوری دے دی۔تفصیلا ت کے مطا بق وزیر اعظم کے ویژن اور ہدایات کے مطابق سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کاروبار میں آسانی کے لیے تمام اقدامات کرنے کی خواہاں ہے۔بورڈ آف ڈائریکٹرز آف پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کی 23 ویں میٹنگ میں اس بات کی منظوری دی گئی کہ 50 ملین روپے تک کے بزنس ٹرن اوور کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مارکنگ فیس کی ادائیگی سے چھوٹ دی جائے گی اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا پاکستان کے معیارات اور کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ 1500 سے زائد صنعتوں (لازمی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ) کی مارکنگ فیس میں کمی کی سہولت فراہم کرنا تاکہ مقامی صنعت کو سہارا دینے کے لیے کاروبار میں مارکیٹ کی افراط زر کے باعث انہیں ریلیف دیا جا سکے۔ اس سے قبل (پی ایس کیو سی اے) نے سال 2008 میں مارکنگ فیس0.05 فیصد اشیاخورو نوش اور 0.1 فیصد دوسرے پروڈکٹس کے لیے مقرر کی گئی تھی جس کے نتیجے میں انڈسٹری غیر مطمین رہی اور بار بار نظر ثانی کی درخواست کی جاتی رہی۔ یہ موجودہ فیصلہ اس لحاظ سے انڈسٹری کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ریلیف فراہم کرتا ہے ساتھ ہی نئی صنعتوں کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے جس سے معیشت میں واضح بہتری آئی گی۔
چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کیلئے 50 ملین روپے تک کی فیس چھوٹ کی منظوری
Oct 23, 2021