اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) شمالی وزیر ستان کے علاقے میران شاہ میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس دوران دہشت گردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 1دہشت گرد مارا گیا جبکہ دو جوان شہید ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں کوہاٹ کا 34سالہ نائیک خلیل اور لکی مروت کا 21سالہ سپاہی شاکر اللہ شامل ہیں۔