ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا

Oct 23, 2021

اسلام آباد(اے پی پی)ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطبہ دیا۔ انہوں نے اپنے خطبہ میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین اور بچیوں کے حقوق ادا کرنے اور ان کے احترام کا عملی طور پر درس دیا اور انہیں معاشرے میں باعزت اور باوقار مقام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ خواتین کے وراثتی حقوق کے حوالے سے اللہ تعالی کے واضح احکامات ہیں، پاکستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے قوانین موجود ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ان قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے لوگوں میں شعور پیدا کیا جائے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

مزیدخبریں