عوام کو ریلیف کیلئے اقدامات تیز کئے جا ئیں: عمران

Oct 23, 2021

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ وزیراعظم عمران خاں کو مہنگائی، امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریف کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار، چیف سیکرٹری کامران علی اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔ وزیر اعظم کو مہنگائی پر قابو پانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت مختلف پروگراموں کے ذریعے کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں۔ پنجاب میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ عوام کی سہولت ہو۔ عوام کے فائدے کے لیے تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ قانون سب کے لیے برابر ہے، قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے گورنر پنجاب کی درخواست پر زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی اور پنجاب حکومت کو یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت جاری کی۔ ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ یورپ پر بریفنگ دی۔ گورنرپنجاب نے بتایا کہ دورہ یورپ کے دوران جی ایس پی پلس میں توسیع کے لئے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30 یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی۔ برسلز، ہنگری، اٹلی میں بھی اہم ملاقاتیں کیں۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ انشاء اللہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا۔ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین امن کے لیے پاکستانی کردار کے متعرف ہیں۔ افغان امن عمل کے لیے پاکستانی کردار کو یورپ میں سب سراہ رہے ہیں۔ یورپی اراکین پارلیمنٹ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے لاہور میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی ملاقات کی۔ معاون خصوصی نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات اور ہیلتھ کارڈ کے اجراء پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کو کرونا ویکسی نیشن اور ڈینگی کیلئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کو سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات کی طرف سے بورڈ آف ریونیو کی ریفارمز کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریفارمز پورا نظام تبدیل کر دیں گی۔ تمام ریفارمز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے وزیر بیت المال سید یاور بخاری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پسماندہ طبقے کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی۔ 

مزیدخبریں