نیپال اور بھارت میں طوفانی بارشیں،تودے گرنے سے ہلاکتیں 200 ہوگئیں

ماسکو+ نئی دہلی + کھٹمنڈو (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) روس کے دارالحکومت میں تیز بارش اور 20 کلومیٹرفی سکینڈ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے نکل اکھڑ گئے، اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، طاقتور ہواؤں سے صدارتی دفتر کریملن کی چھت پر لگے تختے زمین پر آگرے تعمیراتی کام کیلئے لگے تخت گرنے سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ جبکہنیپال اور بھارت میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں مجموعی طور پر 200 سے زائد افراد ہلاک اور 500 کے قریب زخمی ہوگئے۔ نیپال میں رواں ہفتے کے آغاز سے جاری شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 99 ہلاک،40 لاپتہ اور35 افرادکو بچالیا گیا جنہیں مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ نیپالی وزیراعظم شیر بہادر دوئبا نے ملک کے مشرقی اور مغربی متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ دوسری جانب پڑوسی ملک بھارت میں بھی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے سبب پھیلنے والی تباہی سے اب تک 88 تقریبا افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں 40 جبکہ جنوبی ریاست کیرالا میں 42 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ شدید بارشوں سے متعدد عمارتوں، پلوں اور شاہراہوں اور کھڑی فصلوں کونقصان پہنچا ہے۔  جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد افراد ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔بارش سے متاثرہ اضلاع کے میونسپلٹی اداروں اور اسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن