ملتان( خصوصی رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت ملتان پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے سخت مانیٹرنگ سسٹم لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ سکول کے معاملات میں کوئی مداخلت برداشت نہیں کروں گا۔ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نا کیا جائے۔ملتان پبلک کو نامور ادارہ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے۔ادارے کا معیار تعلیم بہتر کرنے کیلئے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ اساتذہ کے مابین پیشہ ورانہ مثبت تقابلی فضا ناگزیر ہے۔ طلبا و طالبات کیلئے ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ نئے داخلوں کیلئے سکول کی وسیع عمارت، گراؤنڈز کے حوالے سے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔اعلی تعلیمی معیار فراہم کرکے والدین کا اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے۔طلبا و طالبات کا شاندار رزلٹ اساتذہ کی محنت کی غمازی کرتا ہے۔ اجلاس میں ملتان پبلک سکول بوائز برانچ میں کیفے ٹیریا بنانے کی منظوری دی گئی جبکہ سکول کے روڈز کی مرمت و کشادگی پراجیکٹ ،گرلز برانچ میں نئے کمروں کی تعمیر پر غور کیا گیا۔اجلا س میں ساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ و دیگر بجٹ معاملات پر بجٹ کمیٹی کے ریمارکس طلب کرتے ہوئے بہترین کارکردگی پر تدریسی سٹاف کو ستائش، مراعات دینے پر بھی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، پرنسپل عظمی خان ، ڈائیریکٹر انجینئرنگ غلام نبی اور دیگر بورڈ ممبران موجود تھے۔