شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) ممتاز مذہبی سکالر علامہ مولانا فضل حسین قمی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا یہ احسن اقدام ہے کہ جنہوں نے نبی کریم ؐ کی سیرت اور حیات طیبہ کو عام کرنے کیلئے ہر وقت مصروف عمل ہے بالخصوص ہمارے نوجوان اور بچے نبی کریم ؐ کی زندگی کے بارے میں جان کر اور اسلامی قواعد و ضوابط کا علم حاصل کر کے دنیا اور آخرت سنواریں گے اور کامیابیاں سمیٹیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سبزی منڈی میں میلاد النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے کیا، اس موقع پر ممتازمذہبی سکالر و صدر بین المذاہب ہم آہنگی اینڈ سوسائٹی پنجاب کے صدر میاں افتخار حسین جالندھری، میاں اسلم حسین جالندھری، میاں اختر حسین جالندھری، میاں ذوالفقار حسین جالندھری سمیت ثناء خوانان مصطفی ؐ کی کثیر تعداد موجود تھی، علامہ فضل حسین قمی نے کہا کہ آج ہر انسان کو یہ سمجھنا چاہیے کہ نبی پاک ؐ کی حیات طیبہ ہی وہ واحد راستہ ہے کہ جس پر چل کر ہم اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں اور دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ اور اس متبرک موقع پر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ عید میلاد النبی کی خوشی کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے اصولوں ضوابط پر بھی عمل کرنا ہوگا نماز،روزہ،زکوۃ پر خصوصی توجہ دینی پڑے گی اگر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کی پیروی کریں گے تو ہی یہ تمام خوشیاں ہمارے لیے راہ نجات کا سبب بنیں گی۔