لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ذاتی دلچسپی اور تسلسل کے ساتھ کاوشوں کے باعث فیٹف میں دیئے گئے تمام اہداف وقت سے پہلے مکمل کئے گئے -انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کوشش تھی کہ پاکستان کو ہر حال میں بلیک لسٹ کر دیا جائے لیکن پاک فوج نے اس سازش کو ناکام بنایا۔ قوم اس شاندار کامیابی پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی کاوشوں سے تمام پوائنٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا اور پاکستان کو گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں لے کر آئے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات پر جی ایچ کیو میں سپیشل سیل قائم کیا گیا۔ سیل نے مختلف محکموں، وزارتوں اور ایجنسیوں کے درمیان کوآرڈینیشن میکنزم بنایا۔ ہر پوائنٹ پر ایک مکمل ایکشن پلان بنایا اور اس پر تمام محکموں، وزارتوں اور ایجنسیوں سے عملدرآمد بھی کروایا۔ اس سیل نے دن رات کام کر کے منی لانڈرنگ، ٹیررفائننسنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر ایک موثر لائحہ عمل سے قابو پایا گیا جس کی وجہ سے فیٹف میں کامیابی حاصل ہوئی۔ منی لانڈرنگ کے سد باب کے لئے 7 میں سے 7 پوائنٹس پر عملدرآمد ہوا جو کہ فیٹف کی تاریخ میں بے مثال پیش رفت ہے-پاکستا ن نے فیٹف کے خدشات کودور کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی اور ایک تفصیلی روڈ میپ تیار کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب کے عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی تقریب میں 55 گاڑیوں و موٹرسائیکلوں پر مشتمل موبائل فوڈ لیبز و چیکنگ سکواڈ کا افتتاح کر دیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موبائل فوڈ لیبز کے ذریعے خوراک کے معیار کو بہتر رکھنے میں مدد ملے گی۔ موبائل فوڈ لیب کے ذریعے دودھ‘ مصالحہ جات‘ کاربونیٹڈ ڈرنکس‘ پانی‘ آئل اور دیگراشیاء کے معیار کی فوری جانچ سے موقع پر ہی نتائج اور کارروائی ممکن ہوگی۔ موبائل فوڈ لیب کے ذریعے خوراک میں ملاوٹ کے رجحان کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طورپر سرگودھا‘ گوجرانوالہ‘ ساہیوال‘ فیصل آباد اور ملتان میں موبائل فوڈ لیب پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے اوراس پراجیکٹ کو مرحلہ وار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔ موٹرسائیکل سکواڈ کے ذریعے گلی محلوں میں اشیاء خوردونوش کی چیکنگ ممکن ہوگی۔