بہاول پور (نامہ نگار)کمشنر راجہ جہانگیر انور نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں پولیو سے بچاؤ مہم کا افتتاح کیا اور ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کے ہمراہ پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ نے بھی بچوں کو پولیو ویکسین پلائی۔ تقریب میں بتایا گیا کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ٹیموں کے اراکین پانچ سال تک کی عمر کے7لاکھ99ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔دریں اثناء کمشنر راجہ جہانگیر انور نے قائد اعظم میڈیکل کالج میں محکمہ صحت کی جانب سے ورلڈ پولیو ڈے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بہاول پور پولیو فری ہے۔ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر و سٹاف اسی جوش و جذبہ سے کام جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت ڈینگی سے بچاؤ کے لیے لوگوں کا شعور اجاگر کرے۔ اسی طرح سموگ کے خاتمہ کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ کمشنر نے پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور کہا کہ آئندہ تقریب میں پولیو ورکرز کو کیش ایوارڈ دئیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں کمشنر راجہ جہانگیر انور نے انسداد سموگ آگاہی واک کی قیادت کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا بہاول پور ڈویژن میں 813 بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا چکا ۔انہوں نے تنبیہ کی کہ دھان کی فصل کی باقیات کو آگ لگانے پر سختی سے ممانعت ہے اور تحفظ ماحولیات قوانین پر عمل نہ کرنیوالے بھٹہ مالکان کیخلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، جنرل اسسٹنٹ ریونیو ارم شہزادی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنزبہاول پور ڈاکٹر ناصر حمیداور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سیدعابد حسن رضوی بھی موجود تھے ۔