لاہور ( نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت اور ہیلتھ مینجمنٹ فیسیلٹیز کمپنی (پی ایچ ایم ایف سی) کے ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے اور مطالبات میں پیشرفت پر دھرنا اور احتجاج ختم کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کو محمد بشارت راجہ نے وزیراعلی کی نمائندگی کرتے ہوئے ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے مذاکرات کئے۔ پی ایچ ایم ایف سی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید انور، چیئرمین میاں صغیر، جنرل سیکرٹری اصغر ظہرانی سمیت دیگر عہدیداروں نے صوبائی وزیر کے ساتھ ان کے آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی نے صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کی ہے جس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، سیکرٹری فنانس اور ایمپلائز ایسوسی ایشن کے تین نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ کمیٹی تمام مطالبات کا جائزہ لے کر سفارشات وزیراعلی کو بھجوائے گی۔ مذاکرات میں طے پایا کہ پی ایچ ایم ایف سی کے تمام ملازمین کے کنٹریکٹ میں فوری طور پر توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کے مستقبل کا فیصلہ 30 جون تک کر لیا جائے گا۔ احتجاج کرنے والے کسی ملازم کے خلاف ایکشن نہیں لیا جائے گا۔ وفد نے مطالبات کی منظوری پر وزیراعلیٰ اور راجہ بشارت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر راجہ بشارت نے پی ایچ ایم ایف سی کے عہدیداروں کو معاہدے کی کاپی بھی دی۔
۱
پنجاب حکومت ،پی ایچ ایم ایف سی ملازمین میں مذاکرات کامیاب ،احتجاج ختم
Oct 23, 2022