سچے عاشق رسول کیلئے اتباع سنت ضروری‘ مفتی اکمل


حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی جانب ڈی سی ہاﺅس حیدرآباد میں سرکار دو عالم خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے یوم ولادت کی مناسبت سے شاندار میلاد کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں ملک کے مشہور و معروف نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، علمائے کرام نے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔تقریب کے دوران میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی خوشی کا موقع ہے کہ اللہ تعالی نے مجھے خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جشن ولادت منانے کی توفیق دی۔ معروف عالم دین مفتی محمد اکمل نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سب کو سچا عاشق رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم بننے کیلئے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ اور سنتی طریقے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور اس طرح کی محافل کے انعقاد کا مقصد یہ ہی ہوتا ہے کہ علما کرام اپنے خطبات میں لوگوں کو دنیاوی زندگی گذارنے کے سنت طریقے بتائیں تاکہ لوگ اپنا احتساب کریں اور جہاں جہاں وہ غلط ہیں وہ ان بیانات کو سن کر خود ٹھیک کرلیں،اسلام میں پورے کہ پورے داخل ہونے اور اپنے عقائد کو صحیح کرنا کلام پاک کی تلاوت و ترجمہ اور صحیح احادیث کے مطالعے اور تحقیق سے ہی ممکن ہے. تقریب میں الحاج مولانا گلشن الاہی سمیت دیگر علمائے کرام کے علاوہ ڈی ایچ او ڈاکٹر لالا جعفر، ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد علی عبداللہ، ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد سوائی خان چھلگری، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبیداللہ صدیقی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد قائم اکبر نمائی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی زون وسطی کے تحت لاکھا مسجد کھوکھر محلہ میں 3روزہ سیرت طیبہ ﷺ کانفرنس کے پہلے روز عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا ۔ جس سے معروف اسلامی اسکالر مولانا ثناءاللہ رحمانی ، مفتی ڈاکٹر حافظ جہانزیب رانا ، ناظم زون وسطی اصغر علی خان یوسف زئی نے خطاب کیا قبل ازیں معروف نعت خواں الحاج رانا محمداسماعیل خاں نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری زون وسطی سید صابر علی عرف ماما، سینئر رہنما محمد حنیف شیخ، سابق ناظم زون وسطی سمیع الدین دلشادسمیت سماجی و مذہبی رہنماﺅں نے شرکت کی ۔ معروف اسلامی اسکالر مولانا ثناءاللہ رحمانی نے ”معلم اعظم اور محسن انسانیتﷺ “کے عنوان پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ پوری انسانیت کیلئے ایک عظیم اور مثالی معلم بن کر تشریف لائے۔

ای پیپر دی نیشن